پاکستان میں کورونا مزید 19 جانیں نگل گیا، اموات 167، متاثرہ افراد کی تعداد 8268 ہوگئی

اسلام آباد: مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں مزید نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 268 ہوگئی جبکہ مزید 19 اموات کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 167 تک پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خطرناک وائرس کے باعث خیبرپختونخوا میں مزید 10، سندھ میں مزید 8 جبکہ اسلام آباد میں ایک موت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد 18 مارچ کو ملک میں پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئی۔ اگرچہ پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی تاہم اپریل کے مہینے میں اس میں تیزی دیکھی گئی۔

تاہم اس کے باوجود ملک میں جوں جوں ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھ رہی ہے اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اتوار (19 اپریل) کو بلوچستان میں مزید 56 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 432 تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر صوبہ پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ (کورونا مانیٹرنگ روم) کے ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3686 ہو گئی۔جب کہ مجموعی طور پر 41 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 702 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے جاری ایک ویڈیو بیان میں صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اسی دوران ملک میں 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو اب تک سندھ میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبائی وزیر خزانہ اور صحت تیمور خان جھگڑا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پشاور اور سوات میں بالترتیب 4، 4 جبکہ ابیٹ آباد اور مردان میں بالترتیب ایک ایک موت رپورٹ ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 137 جبکہ صوبے میں مجموعی اموات 60 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے متعلق تازہ اطلاعات فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 171 ہوگئی۔ جب کہ مزید ایک موت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جارہی ہے۔ گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 257 ہوگئی۔ موجودہ صورتحال میں امید کی کرن مریضوں کی صحت یابی کی شرح ہے، نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 1868 تک پہنچ چکی ہے۔

اگر ملک کے کیسز کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھا جائے تو پنجاب میں 3686، سندھ میں 2537، خیبرپختونخوا 1137 کیسز ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں 432، گلگت بلتستان 257، اسلام آباد 171 اور آزاد کشمیر میں 48 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

Comments are closed.