اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس ہرگزرتے دن کے ساتھ پھیل رہا ہے، نئے کیسز کے بعد ملک میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 678 جب کہ مجموعی اموات 181 تک پہنچ گئیں۔
عالمی وبا کو روکنے کے لیے جہاں ملک کے مختلف حصوں میں پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم روز بروز کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے اموات کا مہلک ترین دن ثابث ہوا اور ایک روز میں 20 اموات ریکارڈ کی گئیں۔آج مزید 13 افراد اس وباء کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
آج (20 اپریل) کو سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 227 کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔ وزیر صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2762 ہوگئی ہے۔جب کہ مزید 5 اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 61 ہوگئی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید 2 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2764 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں 98 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں 58 کیسز صوبوں سے آئے جبکہ 40 کیسز ایسے تھے جو دیگر مقامات سے آئے لوگوں میں ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز کی تصدیق کی، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 465 ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے مزید 10 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 181 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں مزید 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد علاقے متاثرین کی تعداد 257 سے بڑھ کر 263 ہوگئی۔ مزید برآں اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر میں بھی ایک اور کیس رپورٹ ہوا۔ جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 48 سے بڑھ کر 49 ہوگئی ہے۔
ان نئے اعداد و شمار کے بعد صوبوں اور علاقوں میں آنے والے کیسز کی تعداد کو دیکھا جائے تو پنجاب میں صورتحال انتہائی خراب ہے، جہاں پر اب تک کورونا کے 3721 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، سندھ 2764، خیبرپختونخوا 1235، بلوچستان 465، اسلام آباد 181، گلگت بلتستان 263 اور آزاد کشمیر میں 49 کیسز ہیں۔
Comments are closed.