وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے نمونہ شوکت خانم لیب بھجوا دیا گیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کیلئے نمونہ دے دیا، جسے شوکت خانم لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ کےلیے نمونہ لےلیا گیا، شوکت خانم لیبارٹری کے عملے نے وزیراعظم کا سیمپل لے کر ٹیسٹ کے لیب بھجوا دیا ہے، وزیراعظم کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ 24 سے36 گھنٹے کے دوران آنے کا امکان ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان نے کورونا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چند دن قبل وزیراعظم سے ایک صاحب (فیصل ایدھی) کی ملاقات ہوئی جن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تو بطور ذمے دار وزیراعظم اور ذمے دار شہری ہمیں خوشی ہے کہ عمران خان نے کورونا ٹیسٹ کرانے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اگر سارا ملک بیک وقت اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ اس مہلک وائرس کا مقابلہ کرے گا تو ہم اس پر بہتر طریقے سے قابو پا سکیں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ شاید پاکستان میں اعداد و شمار وہاں نہ پہنچیں جن کا بہت سے دوسرے ملکوں کو سامنا ہے۔

فوکل پرسن برائے کورونا وائرس نے مزید کہا کہ 25 اپریل کے بارے میں تخمینہ لگایا تھا کہ 12 سے 15ہزار کے درمیان کیسز ہو سکتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں ایسا لگتا ہے کہ ہم اس کے قریب قریب پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں ہماری صورتحال بہتر ہے لیکن اس صورتحال کو ہمیں برقرار رکھنا ہو گا جس کے لیے ضروری کے تمام تر احتیاطی تدابیر اور اقدامات پر لازمی عمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ ملک کی بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، گزشتہ ہفتے 15 اپریل کو فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔

Comments are closed.