اسلام آباد: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عالمی وباء کی صورتحال میں قوم کی بہتری کیلئے دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان المبارک کے دوران قوم کو سہولیات دی جائیں۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ کیا، این سی او سی کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا،جس کے بعد این سی او سی کے ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے انہیں بریفنگ دی۔
جس میں کورونا وباء کے متوقع پھیلاؤ، نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد اورمستقبل کے لائحہ عمل، ٹیسٹنگ،ٹریکنگ اور قرنطینہ کی سہولیات بارے قومی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کی جانب سے سول انتظامیہ کی معاونت پر بھی آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کورونا وباء کے اثرات پر قابو پانے اور ضروری دیکھ بھال کیلئے این سی او سی کے کردار کو سراہا، پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کم وسائل اور محدود وقت کے باوجود این سی او سی موثر کام کر رہا ہے۔
آرمی چیف نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے، خطرات کا تخمینہ لگانے، منفی اثرات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وباء کے صحت اور نفسیاتی و سماجی اثرات کے ساتھ ساتھ اقتصادی اثرات کا بھی اندازہ لگایا جائے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال بروئے کار لایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج دیگر قومی اداروں سے مل کر اقدامات کر رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں بالخصوص رمضان میں قوم کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Comments are closed.