اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں پھنسے تبلیغی جماعت کے اراکین اور زائرین کی یکم رمضان سے قبل اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
کورونا سے متعلق فنکشنل کمیٹی کی ہدایات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے مختلف علاقوں میں پھنسے زائرین اورتبلیغی جماعت کے کارکنوں کی گھروں کوواپسی کےلیے اقدامات شروع کردیئے ہیں، اس حوالے سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے اراکین اور زائرین کی یکم رمضان سے پہلے اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔ اس تمام تر عمل میں وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
وفاقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں سے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنرز کے زائرین اور تبلیغی جماعت کے اراکین سے نامناسب رویئے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، چیف سیکرٹریز متعلقہ افسران سے باز پرس کریں اور شکایات کا ازالہ کیا جائے، غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.