اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کیلئے قرض ریلیف کے عالمی اقدام کے معاملے پر پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے ہم خیال ممالک کا ایک گروپ تشکیل دے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو قرض ریلیف فراہمی کیلئے عالمی اقدام کے مطالبے کو بین الاقوامی سطح پر زبردست پذیرائی مل رہی ہے، اقوام متحدہ، یواین جنرل اسمبلی اوراقوام متحدہ کی اقتصادی و کونسل کے صدور نے بھی وزیراعظم عمران خان کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی مشاورت سے ہم خیال ممالک کا ایک گروپ تشکیل دے گا جو وزیراعظم عمران خان کے قرض ریلیف مطالبے، کورونا وائرس کے باعث ترقی پذیر ممالک کو قرض ادائیگی میں درپیش مشکلات اور اس چیلنج سے نکلنے کے لئے جامع تجاویز مرتب کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترقی پذیر ممالک کو قرض ریلیف فراہمی کے لئے عالمی اقدام کے معاملے پر مختلف ممالک کی اعلیٰ شخصیات سے رابطے کر رہے ہیں، عالمی رہنماؤں رابطوں کا مقصد قرضوں کےمسئلے کا مشترکہ اورجامع حل نکالنا ہے۔
Comments are closed.