قومی وسائل کو اشرافیہ کے شکنجے سے چھڑوانا اور تور کو قانون کے تابع لانا ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک وقوم کے وسائل قابض اشرافیہ کے پنجے سے چھڑوا کر انہیں غریبوں میں تقسیم کرنا ہے۔

تحریک انصاف کے 24 ویں یوم تاسیس پراپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کے دن تحریک انصاف کے ان بانی رہنمائوں کو یاد کرنا چاہتے ہیں جو اب دنیا میں نہیں رہے۔ نعیم الحق، احسن رشید اورسلونی بخاری کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تحریک انصاف نے طویل اورمشکل جدوجہد کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 24سال پہلے تحریک انصاف نے قائداعظم کے ویژن کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست کے حصول کاعہد کیا تھا۔ اس منزل کے حصول کےلیے قانون کی حکمرانی اورقانون کوسب کےلیے یکساں بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ ہے۔ ملک وقوم کے وسائل پرقابض اشرافیہ کا قبضہ ختم کرکے وسائل کو غریبوں میں تقسیم کرنا ہے۔قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتے ہوئے طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہے۔

Comments are closed.