کورونا وباء کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے 62 ہزارسے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وباء کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے 62 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا مکمل ادراک ہے۔ مرحلہ وارجلد وطن واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل کرائسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر نے ان کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ نے یونٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔وزیرخارجہ نے یونٹ میں موصول ہونے والی کالز، شکایات اور ان کے ازالے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

سلمان اطہر نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 ہزار529 پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے وطن واپس لایا جا چکا ہے۔ 62 ہزار 709 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا مکمل ادراک ہے۔ وزیر خارجہ نے یونٹ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی جی سلمان اطہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

Comments are closed.