بھارتی جارحانہ عزائم امن کیلئے خطرہ ہیں،ہراشتعال انگیزی پر بھارت کو موثرجواب ملے گا،آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم علاقائی امن واستحکام کے لیے خطرہ ہیں، ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی پر بھارت کو موثر جواب ملے گا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باوجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ایل او سی پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا ظلم وجبر اور آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا کسی صورت قبول نہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی یا اشتعال انگیزی کا بھارت کو موثر جواب ملے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی عزت اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر قیمت پر کرے گی۔ پاکستان آرمی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو محفوظ بنائے۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کے عزم  اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاک فوج کورونا کی وباء پر قابو کے لئے قومی کوششوں کی مکمل حمایت کرتی رہےگی۔ انہوں نے فارمیشن کی کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیرکی تعریف کی اورپاک فوج کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو بھی سراہا۔

Comments are closed.