کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑھ لئے۔۔۔ مریض15501، اموات 343 ہو گئیں

اسلام آباد: دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑھ لئے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15501 جب کہ اس وباء کے باعث مجموعی طور پر اموات 343 تک پہنچ گئیں۔

پاکستان میں کورونا مریضوں کے روزانہ سیکڑوں مریض سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جب کہ اموات کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ روز کورونا کے باعث29 اموات سامنے آئیں جو پاکستان میں اب تک ایک روز میں سامنے آنے والی اموات کی ریکارڈ تعداد ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر سمیت پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم اس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات ریکارڈ کی گئیں، سندھ میں بھی کورونا وائرس کے مزید 404 کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مزید 404 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 5695 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے صوبے میں اموات کی تعداد 100 ہوگئی۔

دوسری جانب پنجاب میں خطرناک وبا کے مزید 97 کیسز اور 5 اموات واقع ہوئی ہیں، صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں 97 کیسز سے مجموعی تعداد 5827 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 100 ہوچکی ہے جبکہ 22 مریض کی حالت تشویش ناک ہے۔

ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کورونا کے مزید 153 کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2313 ہوگئی۔کے پی کے میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس سے خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 122 ہوگئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 59 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 974 ہوگئی ہے۔

ملک کی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو اس وقت پنجاب میں 5730 کیسز ہیں،اس کے بعد سندھ میں 5291، خیبرپختونخوا میں 2313 اور بلوچستان میں 974 کورونا متاثرین مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت 297 افراد جب کہ گلگت بلتستان میں 330 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں 65 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں جو ملک کی سب سے کم تعداد ہے۔

Comments are closed.