اسلام آباد: رمضان المبارک میں عوام کو بڑا ریلیف مل گیا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لٹر تک کمی کا اعلان کر دیا۔
خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی جارہی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے ہوگی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے 15 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 80 روپے 10 پیسے ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے ایک پیسہ کمی کی گئی ہے اور اس کی نئی قیمت 47 روپے 44 پیسے ہوگی۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 15 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 47 روپے 51 پیسے پر آگئی ہے۔
خزانہ ڈویژن کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں 44 روپے 7 پیسے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی تھی۔
پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں اوگرا نے یکم مئی سے پیٹرول 20 روپے 68 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی تھی۔جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 33 روپے 94 پیسے سستا کرنے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 24 روپے 57 پیسے کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
Comments are closed.