مزید1ہزارسے زائدپاکستانی کوروناکا شکار،مریض 17698، اموات406 ہوگئیں

اسلام آباد: پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں سینکڑوں کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک ملک میں 17 ہزار 698 اس خطرناک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اموات 406 تک پہنچ گئی ہیں۔

مئی کے مہینے کے پہلے روز بھی نئے کیسز سامنے آئے جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔ آج سندھ میں کورونا وائرس کے 622 نئے کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔ یہ سندھ میں ایک دن میں آنے والے اب تک سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 3384 ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے کیسز کے بعد سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6675 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 118 تک پہنچ گئی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ نئے کیسز میں صرف کراچی سے 446 کیسز شامل ہیں۔

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے، صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 6340 تک پہنچ چکی ہے۔جن میں سے 768 افراد زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی جبکہ 3560 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسلام آباد میں مزید 30 کیسز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 343 تک پہنچ گئی۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر گزشتہ روز سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ شب خیبرپختونخوا میں 314 نئے کیسزاور24 اموات کا اضافہ ہوا۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2799 ہوگئی۔ جب کہ مزید 15 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 161تک پہنچ گئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 87 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1136 ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مقامی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 985 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 246 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔ جس کے بعد اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4105 سے بڑھ کر 4351 تک پہنچ چکی ہے۔

Comments are closed.