جنوبی کوریا سے132پاکستانیوں کی واپسی۔۔۔ سفیر ممتاز بلوچ نے ہم وطنوں کو الوداع کیا
کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کا وباء کے دوران اور وطن واپسی کیلئے تعاون پرکمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر ورک کا شکریہ
اسلام آباد: کورونا وائرس کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا عمل جاری ہے، جنوبی کوریا سے 132 پاکستانی آج قومی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا۔
جنوبی کوریا میں پاکستان کی سفیر ممتاز بلوچ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر ورک اور سفارتخانے کے دیگر حکام نے پاکستانیوں کو سیول شہر کے انچن ایئرپورٹ پر الوداع کیا، پی آئی اے کی پرواز پی کے 8873 کے ذریعے 132 پاکستانی وطن پہنچے، ان پاکستانیوں میں طلبہ، ریسرچرز اور فیکٹری ورکرز شامل ہیں۔
ایئرپورٹ پر ہم وطنوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی ہر طرح کی مدد کے لئے سیول میں پاکستان کا سفارت خانہ موجود ہے، اپنی ملازمت یا تعلیم جاری رکھنے کیلئے جنوبی کوریا میں واپسی سے متعلق کسی بھی قسم کی پریشانی پر سفارتخانے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر سیول میں پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر ورک نے ہم وطنوں سے احتیاطی تدابیر، ایئرپورٹ، امیگریشن اور جہاز کے عملے سے مکمل تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ پاکستان پہنچنے پر تمام افراد خود کو قرنطینہ میں رکھیں اور کورونا ٹیسٹ رپورٹس آنے تک سماجی میل جول سے اجتناب کریں۔
کوریا میں سے واپس آنے والے پاکستانیوں نے خصوصی پرواز کا بندوبست کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا جب کہ جنوبی کوریا میں وباء کے دوران کمیونٹی ویلفیئر اتاشی شفیق حیدر ورک کے پاکستانی برادری کے ساتھ خصوصی تعاون اور بروقت اور موثر انداز میں رہنمائی کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا سے ہم وطنوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پرواز گزشتہ رات اسلام آباد سے جنوبی کوریا کے سیول شہر بھجوائی گئی، پرواز میں عملے کے 8 افراد اور 152 مسافر سوار تھے، روانگی سے قبل جہاز کے عملے اور مسافروں کا طبی معائنہ کیا گیا۔
Comments are closed.