اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، خود حکومت آج سب سے زیادہ نیب سے تنگ ہے، ملک کو اکٹھا کرنا وزیراعظم کا کام تھا لیکن انہوں نے ریاست کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ نیب قانون میں ترامیم کر لیں، ہم نے تجاویز بھی حکومت کو دے دی ہیں، لیکن حکومت طرح طرح کے بہانے کرتی رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے ہیں لیکن نیب کیس تک نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ ہی معلوم نہیں کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے؟ لیکن ہم پھر بھی یہ بھگتنے کے لئے حاضر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیس نہیں کیس کے نیب کے نعرے پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ فیس (چہرے) بدل رہے ہیں، کیس تو یہاں ہے نہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد عدالتوں میں نظر آئیں گے۔ موجودہ حکمرانوں سے یہ سب کچھ برداشت نہیں ہو گا۔
کورونا صورتحال میں لاک ڈاؤن و دیگر معاملات پر سندھ اور وفاق کے درمیان تناؤ سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے، وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے، ملک کو اکٹھا کرنا وزیراعظم کا کام تھا لیکن انہوں نے ریاست کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کی طرح (ن) لیگ میں بھی اختلاف رائے ضرور ہو سکتا ہے لیکن پارٹی اندر اور کوئی اختلاف نہیں، صدر شہباز شریف ہی ہیں، بیرون ملک جانا ہر پاکستانی کی طرح شہباز شریف کا بھی حق ہے۔
Comments are closed.