اسلام آباد: دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان پر بھی پنجے گاڑھ لئے ہیں اور کورونا کیسز میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک پاکستان میں خطرناک وبا سے 35 ہزار 304 افراد متاثر جبکہ 761 اموات ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں بتدریج لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس میں 2 مرتبہ توسیع کی گئی، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے باوجود مارچ اور اپریل میں کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔
لیکن مئی کے آغاز سے ہی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں بہت زیادہ تیزی آئی ہے جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ یکم مئی سے لے کر اب تک صرف 13 روز میں 15 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق آج (13 مئی کو) مزید 2150 نئے کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 731 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 731 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 341 ہوگئی۔ مزید 16 اموات کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق آج سامنے آنے والے کیسز میں سے 585 کیسز کراچی میں سامنے آئے۔
دوسری جانب پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 362 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جب کہ مزید 3 افراد اس خطرناک مرض کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 13 ہزار 231 ہوگئی۔
وفاقی دارالحکومت میں بھی اب کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں مزید 43 کیسز کی تصدیق کی گئی۔ کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 716 سے بڑھ کر 759 ہوگئی۔
ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کورونا کے مزید 231 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5252 ہوگئی۔ بیان میں وبا سے مزید 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 275 ہوگئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور آج مزید 18 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔جس کے بعد گلگت بلتستان میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 475 ہوگئی۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 86 سے بڑھ کر 88 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس مرض کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 257 افراد اس مرض سے صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 8812 ہوگئی۔
Comments are closed.