خوراک سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی پر کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائز نہیں ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹیرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا،اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی یا اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔

وزیرِاعظم عمران خان کے زیرصدارت انسدادِ سمگلنگ اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وزیرصنعت محمد حماد اظہر، وزیرِبرائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سیدفخر امام، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور چئیرپرسن ایف بی آر موجود تھے۔

چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹریز اور آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چئیرپرسن ایف بی آر نے اجلاس کو انسدادِ سمگلنگ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات جبکہ گندم کی پیداوار، کٹائی اور مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے صوبائی چیف سیکرٹریز نے تفصیلی بریفنگ کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ وزیرِاعظم کو پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز پر کنٹرول نرخوں پر عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے لئے صوبائی حکام اقدامات کریں۔ سمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے جو ملکی معیشت کو دو طریقوں سے نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے ملکی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام اور سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی رپورٹ ہر پندرہ دن بعد پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پٹیرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا، اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔

Comments are closed.