یوٹیلٹی اسٹورز سے خیراتی راشن بیگز کیلئے زیادہ مقدار میں اشیاء فراہمی پر پابندی عائد

 اسلام آباد: حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر خیراتی راشن بیگز کے لئے زیادہ مقدار میں اشیاء کی مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز پارلیمنٹ لاجز کے یوٹیلٹی اسٹورز پر واقعہ پیش آیا تھا اور لیگی ایم این اے نے لاجز کے یوٹیلیٹی اسٹور پر زیادہ مقدار میں فوڈ آئٹمز کی فراہمی پر اصرار کیا تھا۔

یوٹیلٹی اسٹور کسی صورت خیراتی اور راشن بیگ کی اجازت نہیں ہوگی، خیراتی اور راشن بیگ کی درخواست کو کسی سطح پر قبول نہیں کیا جائے گا یوٹیلیٹی اسٹورز نے تمام زونل مینجرز کو حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کردی۔

یوٹیلٹی انتظامیہ کے مطابق پارلیمنٹ لاجز میں لیگی ایم این اے نے اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے، خیرات کے لیے زیادہ مقدار میں سامان خریدا، جس پر ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹور عمر لودھی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط اور صورت حال سے آگاہ کیا ۔ پارلیمنٹ لاجز کے اسٹور کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے واقعے کو غیرقانونی بناکر پیش کرنے کو شرمناک قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ رمضان میں غریبوں کو دینے کیلئےیوٹیلیٹی اسٹور سے چینی اوردیگر اشیاء خریدیں ،غریبوں کیلئےیوٹیلیٹی سٹورسےچینی خریدنےمیں کس قانون کی خلاف ورزی ہوئی؟

ان کا کہنا ہےکہ دھونس، دھاندلی کے الزامات بے بنیاد، لغو اور کردار کشی کی حکومتی مہم کا حصہ ہیں، عوام کی چینی پر507 ارب کا ڈاکہ ڈالنے والوں نے 76 ہزارکی غریبوں کیلئےچینی پرشورمچایا، لیگی رہنما کہنا ہےکہ ایسے حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے جنہیں غریبوں کے لئے 76ہزار کی چینی پراعتراض ہے، قوم کو پتہ چل گیا کہ حکومت کی تمام توجہ اپوزیشن ارکان اور ان کے بچوں پر ہے۔

Comments are closed.