حکومت ٹڈی دل، کورونا سے نمٹنے کیلئےمستعدہے،وباؤں کے معاملے پرسیاست نہ کی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دَل اور کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح مستعد ہے، قومی قیادت وباؤں کے معاملے پر سیاست نہ کرے، ملکی ایئرپورٹس پر سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

کابینہ نے سیکورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) پالیسی بورڈ کے چیئرمین تعیناتی کی سمری منظور کرلی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشنز ایکٹ کے تحت ہیلتھ کیئر اتھارٹی بورڈ اور بجٹ کمیٹی کے اراکین نامزد کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں ملک کے بڑے ائیر پورٹس آؤٹ سورس کرنے کے معاملے پرغورکے بعد وزیراعظم نے اس حوالے سے ایک کمیٹی قائم کر دی،جوائیرپورٹس کو سروسز آؤٹ سورس کرنے سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔ وفاقی کنسولیڈیشن فنڈ اورپبلک اکاونٹس کی کسٹڈی و آپریشنز کی سمری موخر کر دی۔

کابینہ نے صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی منظوری دی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کاکہنا تھاکہ وزارت آبی وسائل اس معاملے کومنطقی انجام تک پہنچائے، ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد ہے،ہم نے فوری اور بروقت اقدامات شروع کر دئیے تھے،وباؤں کے معاملے پرسیاست نہ کی جائے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی، حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

Comments are closed.