پاکستان میں کورونا کیسز56 ہزار967، مجموعی اموات1179 تک پہنچ گئیں

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے اور آج بھی مزید کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز 56 ہزار967 ہوگئے جبکہ اموات 1179 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں اس وبا کا پھیلاؤ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے اور پہلے یومیہ 2 ہندسوں میں آنے والے کیسز اب 3 ہندسوں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1199 نئے کیسز اور 23 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

رواں ماہ کورونا کے حوالے سے پاکستان کے لئے سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے اور اس میں وبا کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا اور کیسز میں 39ہزار جبکہ اموات میں 771 کا اضافہ ہوا۔ آج پچیس مئی کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 175 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 8080 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں اسی عرصے میں مزید 10 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 408 تک پہنچ چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 443 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 443 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثر افراد کی تعداد 22 ہزار 934 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ عید کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 852 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 301 ہوگئی۔ وزیرا اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2 اموات بھی ہوئیں جس سے مجموعی تعداد 369 تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے 520 نئے کیسز اور 5 مزید اموات سامنے آئی ہیں، صوبائی محکمہ صحت کے اعداد و شمار مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 20 ہزار 77 ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں مزید 5 اموات بھی ہوئیں، جس کے بعد مجموعی اموات 337 تک پہنچ گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے کیسز میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 49 نئے مریض اور 2 اموات سامنے آئیں۔ ان نئے اعداد و شمار کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز کی تعداد 1592 سے بڑھ کر 1641 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وبا سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مجموعی اموات 7 تک پہنچ گئی۔ جب کہ آزاد کشمیر جو اس وائرس سے سب سے کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، آزاد کشمیر میں 12 نئے مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 197 سے بڑھ کر 209 ہوگئی جبکہ اموات بھی 2 ہوگئی ہیں۔ تاہم ان نئے کیسز کے باوجود ملک میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 198 سے بڑھ کر 17 ہزار 482 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت 56 ہزار 967 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 1179 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 482 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 38 ہزار 306 فعال کیسز ہیں۔

Comments are closed.