اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے، پاکستان کا مطالبہ
سلامتی کونسل کے مؤثر اقدامات کے فقدان کی قیمت معصوم کشمیریوں کو اپنے خون سے چکانی پڑ رہی ہے،منیر اکرم
نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ سے بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کہتے ہیں سلامتی کونسل کے مؤثر اقدامات کے فقدان کی قیمت معصوم کشمیریوں کو اپنے خون سے چکانی پڑ رہی ہے، بھارت جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم کی سلامتی کونسل میں تنازعات میں گھرے شہریوں کے تحفظ پر ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینا چاہیے۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے، سلامتی کونسل کے مؤثر اقدامات کے فقدان کی قیمت معصوم کشمیریوں کو اپنے خون سے چکانی پڑ رہی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کرنے کی گہری سازشیں کر رہا ہے، صرف ماہ اپریل میں 33 معصوم، بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، قابض بھارتی فورسز رواں سال لائن آف کنٹرول پر 989 بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں کر چکیں۔
پاکستانی مستقل مندوب نے بین الاقوامی براداری کو بتایا کہ قابض بھارتی فورسز مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں جو جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قابض فورسز کے ذریعے بہیمانہ تسلط قائم کیے ہوئے ہیں۔
Comments are closed.