اسلام آباد: ملک دشمن کارروائیاں ، جاسوسی اور اداروں کو بدنام کرنے کے الزامات ،پاکستان فوج کی دو ریٹائرڈ افسران میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجااور کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو کورٹ مارشل کی سزائیں سنا دی گئیں۔ دونوں ملزمان کے رینک بھی ضبط کرلیے گئے ، ملزمان کو آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں سنا ئی گئی ہیں۔ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی منسوخ،اکاؤنٹس منجمند اور نام ای سی ایل میں شامل کر دیاگیا۔ دونوں ملزمان کی ذاتی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں بھی ضبط کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افراد کو آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں سنا ئی گئی ہیں، میجر (ر)عادل فاروق راجہ کو 14 سال قید بامشقت جبکہ کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے، سزا فرائض کی انجام دہی اور جاسوسی سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے منافی کام کرنے پر سنائی گئی، عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو مناسب عدالتی عمل کے ذریعے مجرم قرار دیا اور21 نومبر 2023 کو دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ۔
عادل راجہ اور حید ر مہدی کے خلاف 7مئی 2023کو تھانہ جنوبی لاہور کینٹ میں الگ ،الگ مقدمات درج کیے گئے تھے ،ملزم عادل راجا کے خلاف 18جون 2023 کو جبکہ حیدر مہدی کے خلاف 26جون2023کو عدالتی کارروائی کا آغازکیا گیا۔ بیرون ملک مقیم دونوں ملزمان کو سفارتی ذرائع سے سمن بھی بھیجے گئے تاہم مسلسل عد م حاضری پر عدالت نے دونوں ملزمان کو بغاوت، دہشت گردی اور تشدد پر اکسانے کے جرائم کیساتھ اشتہاری قرار دے دیا تھا۔
Comments are closed.