آخری اوور،آخری بال، سنسنی خیزمقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کوہرا دیا

ویرات کوہلی کی دھواں دھار اننگز،53 رنز پر82 رنز جوڑے،مین آف دی میچ، پاکستانی بائولرز کی مایوس کن کارکردگی،ہمارے پاس میچ جیتنے کا بہترین موقع تھا،ویرات کوہلی نے زبرست اننگز کھیلی، بابراعظم

میلبرن : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے دوسرے میچ میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئےمیچ میں بھارت کی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اور آخری گیند پر حاصل کر لیا۔

بھارت کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا۔محض تیس اسکور پر بھارت کی چار وکٹیں گر گئیں۔جس کے بعد ویرات کوہلی اور ہاردیک پانڈیا کی جوڑی 114 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو دوبارہ میچ میں واپس کے لے آئی۔سابق بھارتی کپتان نے 53 گیندوں پر 82 رنز بنائے جب کہ پانڈیا 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارتی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے۔

بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ قومی ٹیم کپتان بابراعظم بھارت کے خلاف بغیر کوئی رنز بنائے پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ارشدیب سنگھ کی پہلی گیند پر بابر اعظم کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو دیا تاہم انہوں نے فورا رویو لیا۔ تھرڈ امپائر کے چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ صاف آؤٹ تھے۔

بعد ازاں بھارتی پیسرز ارشدیب اور بھونیشور کمار سیم اور سوئنگ بولنگ سے قومی بیٹرز کو دباو میں باندھے رکھا کہ اس دوران رضوان ارشدیب کی گیند پر تھرڈ میں میں کیچ دے بیٹھے۔سلامی بیٹرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 60 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

گیاروہویں اوور کے لیے بھارت کی جانب سے اسپنر ایشون بولنگ کے لیے جنہیں افتخار احمد نے میچ کا پہلا چھکا جڑ دیا۔بھارت کی جانب بارہویں اوور کے لیے اکثر پٹیل کو لایا گیا۔ افتخار احمد نے انہیں ایک اوور میں تین چھکے لگا کر اپنی ففٹی مکمل کی۔ انہیں اگلے اوور میں محمد شامی نے آؤٹ کیا۔

افتخار کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب اور حیدر بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر نواز نے آ کر دو چوکے لگائے تاہم ان کا سفر بھی جلد ہاردیک پانڈیا نے 9 اسکور پر ختم کر دیا۔شان مسعود ایک طرف سے وکٹ سنبھال کر بیٹنگ کرتے رہے ان کا ساتھ دینے کے لیے آصف علی آئے اور وہ بھی محض تین گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے۔

انجری سے واپس آنے والے شاہین شاہ آفریدی نے بھونیشور کمار کو چھکا اور چوکا جڑ کے دباو واپس بھارت کی جانب منتقل کر دیا۔ اس دوران شان مسعود نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔اختتامی اوور میں شاہین کے آوٹ ہونے کے بعد حارث روف نے چھکا لگا کر ٹیم کا ٹوٹل 159 رنز تک پہنچا دیا۔

اس سے پہلے بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

میچ جیتنے کے بعد ویرات کوہلی نے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہم نے کنڈیشنز کا اچھا فائدہ اٹھایا۔اس پچ پر بڑاہدف مکمل کرنا بہت مشکل ہے۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس میچ جیتنے کا بہترین موقع تھا۔ ویرات کوہلی نے زبرست اننگز کھیلی۔

Comments are closed.