غریبوں کے گھر گرانے والے عمران خان نے دباو ڈا ل کر اپنا گھرریگولرائز کرالیا، احسن اقبال

نارووال سپورٹس کمپلیکس کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے لیگی رہنما احسن اقبال سمیت تمام ملزمان پرفرد جرم ‏عائد کر دی ۔تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ احسن اقبال کہتے ہیں جھوٹے ریفرنسزکا ‏مقصد اپوزیشن کی کردارکشی ہے ،بنی گالہ کا این آر او لینے ‏والوں کو معاف نہیں کریں گے۔

 فرد جرم کی کارروائی پر ا عتراض اٹھاتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ ‏جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں،، جج صرف پراسیکیوشن کی ‏بات سن کر فیصلہ نہیں کرتا۔ فاضل جج اصغرعلی نے احسن اقبال کو بات کرنے ‏سے روکتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے،، درخواست دائرکریں ‏یا اپنے وکیل کے ذریعے بات کریں۔عدالت نے احسن اقبال کے علاوہ سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اخترنوازگنجیرا،سرفرازرسول، وزارت منصوبہ بندی کے افسرآصف شیخ اورپرائیویٹ کنٹریکٹرمحمد ‏احمد پر بھی فرد جرم عائد کردی جبکہ احسن اقبال کے خلاف نیب سے گواہان طلب ‏کرتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔

 سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ جھوٹے ریفرنسزکا مقصد صرف اپوزیشن کودباو میں لاناہے ۔ لوگوں کے گھر گرانے والے وزیر اعظم نے اپنا گھر ریگولرائز کرا دیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ریاست کے وسائل کو انتقامی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہاہے لیکن ہم ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔ نیب میرے خلاف ایک پیسے کی مالی بدعنوانی سامنے نہیں لاسکا تو مجھ پر الزام لگایا گیا کہ نارووال میں اسپورٹس کمپلیکس کیوں بنایا گیا، خود کو اسپورٹس مین کہنے والے وزیراعظم کے دورمیں کھیلوں کا منصوبہ لگانا جرم بن گیا۔

 احسن ا قبال نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے سیکڑوں غریبوں کے گھر غیرقانونی قرار دے کر گرا د ئیے لیکن اختیارات کا ناجائزاستعمال کرکے اپناگھر ریگولرائز کرایا،زون تھری میں آنے والی جگہ کو زون فور میں ڈال کر قانونی کروایاگیا،بنی گالا کا این آر او لینے والوں کو معاف نہیں کریں گے، عمران خان کا غیرقانونی گھر ریگولرائزکرنے والے سی ڈی اے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

Comments are closed.