کلبھوشن یادیو کو سزا کیخلاف اپیل کا حق عالمی عدالت انصاف نے دیا، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان ضبط کا مظاہرہ اور پالیسی کے تحت افغان سرحد پر توپ خانہ اور مارٹرز کا استعمال نہیں کر رہا، عائشہ فاروقی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کے خلاف اپیل کا حق عالمی عدالت انصاف نے دیا، پاکستان نے عالمی عدالت کے 17 جولائی کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

بھارت کو تیسری قونصلر رسائی اور انسانی ہمدردی کے طور پر کلبھوشن کے والد سے ملاقات کی پیشکش بھی کی تاہم بھارت نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے تیسری قونصلر رسائی کی پاکستانی پیشکش کا جواب نہیں دیا۔ وزارت قانون نے اس معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کر رکھی ہے۔ کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق عالمی عدالت انصاف نے دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو 353 دن ہو گئے ہیں جبکہ بھارتی مظالم مسلسل جاری ہیں۔ رواں برس 1732 مرتبہ بھارتی قابض افواج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کیں، جن میں 14 نہتے اور معصوم شہری شہید جب کہ 134 شدید زخمی ہوئے۔

عائشہ فاروقی نے مزید کہنا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے مبصرین، عالمی آزاد مبصرین اور بین الاقوامی میڈیا کو لائن آف کنٹرول تک بلا روک ٹوک رسائی دی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 14 جولائی کو افغان نیشنل فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں گولہ باری کی جس میں جانی نقصان ہوا۔ 15 جولائی کو بھی مہمند اور باجوڑ میں افغان فورسز نے دوبارہ شیلنگ کی جس میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ضبط کا مظاہرہ کر رہا ہے اور پالیسی کے طور پر افغان سرحد پر توپ خانہ اور مارٹرز کا استعمال نہیں کر رہا۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ کو دورہ پاکستان کے لیے دعوت دی گئی ہے۔

Comments are closed.