راولاکوٹ :آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے کے دوران پونچھ ڈویژن میں 10 لاکھ 17 ہزار 375 رجسٹرڈ رائے دہندگان اپنا ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کریں گے۔ ان ووٹرز میں 5 لاکھ 37 ہزار 159 مرد اور 4 لاکھ 79 ہزار 854 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔
پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع (باغ، پلندری، حویلی اور راولاکوٹ) کی 88 یونین کونسلز، 4 ضلع کونسلز، 2 میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹاؤن کمیٹیوں کے کل 787 وارڈز سے 1820 آزاد اور 15 سیاسی پارٹیوں کے 2039 نامزد امیدوار (مجموعی تعداد 3859) کے مابین مقابلہ جاری ہے، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے 1867 پولنگ اسٹیشنز اور 2697 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جب کہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے 547 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 406 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے جاری پولنگ آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مو قع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں حالات سے نمٹنے کے لیے 9 ہزار سے زائد پولیس اہل کار سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ وفاق کی جانب سے بھی دوسرے مرحلے کے لیے 5 ہزار سکیورٹی اہلکار فراہم کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاق کی جانب سے عمران خان کے لانگ مارچ کے باعث 27 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کو مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کیا گیاتھا جس کےتحت پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں الیکشن ہو چکے ہیں۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن 32 سال بعدہو رہے ہیں۔
Comments are closed.