حکمران جماعت کوبڑا دھچکا،علیم خان کاساتھیوں سمیت ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان

لاہور:تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور سابق  سینئیرصوبائی وزیرعلیم خان نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

نیوز ڈپلومیسی کے مطابق سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ کا آج لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور سینئر رہنما علیم خان سمیت ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی جب کہ جہانگیر ترین لندن سے ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تین صوبائی وزرا سمیت مجموعی طور پر پنجاب کے 19 ارکان شریک ہوئے، اراکین قومی اسمبلی کو کوآج کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا،ان کا اجلاس الگ طلب کیا جائے گا۔

 آج کی بیٹھک میں وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، صوبائی وزیر اجمل، عبدالحئی دستی، لالہ طاہر رندھاوا، عون چوہدری، خرم لغاری، چوہدری یاسین سوہل، میاں عبدالروف، سعید اکبر نوانی، زوار حسین وڑائچ، غلام رسول سنگا، بلال وڑائچ، قاسم لنگا اور میاں عمران جاوید شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے لئے بہت سی قربانیاں دیں لیکن ان سمیت سب کی قربانیاں بھلا دی گئیں۔ جہانگیر خان ترین کوکیوں نظر انداز کیاگیا، اس کا جواب آج تک نہیں ملا۔ چالیس اراکین پنجاب اسمبلی سے ملا ہوں ان سب کو پنجاب میں طرز حکمرانی پر اعتراض ہے۔ اگر عدم اعتماد آتی ہے تو سب مل کر فیصلہ کریں گے۔ علیم خان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کسی فرد واحد کی پارٹی نہیں ہے، عمران خان کا ساتھ اس لیے دیا کہ وہ واحد امید تھے ۔

Comments are closed.