سینیٹ الیکشن ، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدرگیلانی کی ویڈیو سامنے آگئی

اسلام آباد:سینیٹ الیکشن سے متعلق ایک اور ویڈیو سامنے آگئی،سینیٹ انتخابات سے متعلق تازہ ویڈیو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ہے۔ علی حیدر گیلانی ویڈیو میں نظر آنے والے دوسرے شخص کوووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی کاکراچی سے رکن قومی اسمبلی ہے ۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد علی حید ر گیلانی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ویڈیو درست ہے ، والد یوسف رضا گیلانی کے لیے اراکین سے ووٹ مانگنا ان کا حق ہے ۔ تحریک انصاف اپنے اراکین کو سنبھالے ۔

علی حیدر گیلانی نے مزید کہا کہ امیدہےکل یوسف رضاگیلانی کامیاب ہوں گے۔ الیکشن کے سلسلےمیں متعدد لوگوں سے ملتا رہا ہوں۔ تمام ممبران ہمارے لیے قابل احترام اور ووٹ مانگنا حق ہے۔ ہم نے حکومتی ارکان سے بھی ووٹ مانگا ہے۔ عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کو 50 ،50 کروڑ روپے فنڈز  دیے کیا یہ ووٹ خریدنا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی ضمیرکا ووٹ مانگا ہے ،ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا،تمام ممبران اسمبلی سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے۔ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.