چارسدہ: خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ ایک اور معصوم پری کو درندگی کا نشانہ بنا دیا گیا، درندوں نے ڈھائی سالہ بچی زینب کو جنسی زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا۔
چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی زینب کو گزشتہ روز اغوا کیا گیا، ہوس کے پجاری درندوں نے معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی قتل کردیا، بچی کا پیٹ اور سینہ تیز دھار آلے سے کاٹا گیا، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ 18 گھنٹے پہلے جنسی زیادتی کی گئی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادتی کے بعد ڈی این اے کے لیے بچی کے جسم کے نمونے خیبر میڈیکل کالج پشاور بھجوائے گئے ہیں جبکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈھائی سالہ زینب کے بہیمانہ قتل اور جنسی زیادتی کا مقدمہ تھانہ پڑانگ میں درج کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آئی جی پی اور دیگر حکام کو بچی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا، واقعہ انتہائی دلخراش اور انسانیت سوز ہے، ملوث افراد کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔
Comments are closed.