مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا مزید کوئی اقدام علاقائی امن خطرے ڈال سکتا ہے، پاکستان

پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کسی بھی مزید اقدام سے باز رہے، مودی سرکار کے مقبوضہ وادی کسی بھی نئے اقدام سے علاقائی امن و سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے توسیع پسندانہ سوچ کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کر رہا ہے، پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے علاقائی و آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں پر تحفظات ہیں۔

 اپنی بات جاری رکھتے ہوئے زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر بھارت کے ساتھ تعلقات پر ہماری پوزیشن واضح ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں یورینیم چوری اور عام بھارتی باشندوں کے قبضے سے یورینیم برآمدگی کے واقعات سب کے سامنے ہیں، بھارتی پولیس نے ملزمان کو یورینیم کے ساتھ پکڑا، بھارت اس معاملہ میں پاکستان کو کیسے بدنام کر سکتا ہے بھارت بے بنیاد الزام تراشی کے بجائے اپنے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے۔

متحدہ عرب امارات نے کوویڈ کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں ہم نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کرونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے، زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے، پاکستان بارہا واضح کر چکا ہے کہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

Comments are closed.