کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کیلئے اقوام متحدہ ٹھوس اقدامات کرے، حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام کی نسل کشی روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد سے بار رکھنا چاہتا ہے لیکن جموں وکشمیر کے عوام نے آزادی کی منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔

حریت رہنماؤں خواجہ فردوس، خادم حسین، انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو، میر واعظ کی سرپرستی میں قائم حریت فورم،جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ اور کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے اپنے بیانات میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات پرشدید تشویش کا اظہار کیاہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیراحمد شاہ کی بیٹی سحر شبیر شاہ نے اپنے والد اوردیگر کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لئے ایک آن لائن مہم شروع کردی ہے۔ سحر شبیر نے کہا کہ میں جیل میں جب بھی اپنے والد سے ملتی ہوں، ان کا عزم پہلے سے بہت مضبوط پاتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ جیل کی سختیوں کے باوجود وہ اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم ہیں۔

Comments are closed.