کشمیریوں نے بھارت کے غیرقانونی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا،حریت کانفرنس

سرینگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری مزاحمتی تحریک اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیری عوام نے جموں وکشمیر کے بارے میں بھارت کے جھوٹے دعوے کو کبھی تسلیم نہیں کیا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اُس بیان پرسخت رد عمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ علاقے کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا۔ حریت کانفرنس نے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قراردیا جو کشمیر کی تاریخ کے بارے میں بھارتی وزیردفاع کی لاعلمی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں بھارت کا حصہ ہونے کیلئے نہیں بلکہ اپنے مادر وطن کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے دی ہیں۔

جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ ، جموں و کشمیر مسلم لیگ ، کشمیر فریڈم فرنٹ ، پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ اور اسلامی تنظیم آزادی نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ بھارتی فوجی تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران زبردستی گھروں میں گھس کر نوجوانوں کو گرفتار یاقتل ، خواتین ، بچوں اور بزرگوں کووحشیانہ تشددکا نشانہ بنانے کے علاوہ املاک تباہ کر رہے ہیں۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت کی جانب سے افسوس ظاہر کیا گیا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، انہوں نے عالمی برادری سے بھارتی مظالم ، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.