اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن کراچی کی جانب سے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے سیکرٹری الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے آصف زرداری کیخلاف درخواست مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ آصف زرداری کےخلاف ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائے گا، جس کے بعد ابتدائی سماعت کے لیے آصف زرداری سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے آصف زرداری کے خلاف درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس کراچی میں جمع کرائی تھی۔ الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آپ نے خود جمع کرانا ہوگی، جس پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ لکھ کر دے دیں۔
الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ آپ بلاوجہ اس معاملے کو پیچیدہ بنا رہے ہیں، قانونی افسر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس معاملے پر عدالتی کارروائی کا اختیار اسلام آباد کے پاس ہے اور درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام پر لکھی جائے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اصرار پر الیکشن کمیشن درخواست اسلام آباد بھیجنے پر تیار ہوگیا، الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صرف اس درخواست کو اسلام آباد روانہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنس میں آصف زرداری کے امریکا میں اپارٹمنٹ چھپانے کو جواز بنایا جائے گا، ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے گوشواروں میں یہ اپارٹمنٹ ظاہر نہیں کیا، آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت تمام اثاثے ظاہر کرنا لازم ہے لہذا اثاثے چھپانے پر آصف زرداری رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آصف زرداری کے خلاف نا اہلی ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا تھا
Comments are closed.