پاک فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔ امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی، اپنے لہو سے اس کی حفاظت کریں گے۔
ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں قائم امن کی اپنے لہو سے حفاظت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا اور کہاکہ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سِمت جا رہے ہیں۔ اپنے فرائض پورے کرتے رہیں گے۔
آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج دنیا بھرمیں اپنی حربی صلاحیتوں کی وجہ سے جانی جاتی ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کیساتھ بلکہ فروری2019 میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دُشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا، پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستا ن میں کوئی بھی کسی اور کیلئے جوابدہ نہیں، لیکن میں اسے اعزاز سمجھتا ہو ں کہ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں، لہذا تمام کامیابیوں اور چیلنجز کے باوجود جب بھی وطن اور قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کے لئے اپنا آپ پیش کر دیا۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے اور امن قائم رکھنے کیلئے لہو سے اسکی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دُنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب وقت ہے کہ متحد ہو کر اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں، اِسی ہدف کو مدِ نظر رکھتے ہوئے قائد کے ویژن کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے بھرپور کوششیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے دُشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو نے کے بعد دل شکستہ ہیں اور مایوسی میں پاکستان کو24/7ہائبرڈ وار کا سا منا ہے، اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے، اصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اِس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں، ذات پات، مذہب اور لسانیت سے برتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں، اتحاد ہماری قوت اور انشااللہ ہم سب متحد ہیں، ہائبرڈ وارکا مقصد پاکستان میں اِس اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے
چیف آف آرمی سٹاف نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہوگا، پاکستان قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے اور ان شاءاللہ اب بھی کریں گے۔ ہائبرڈ وار کو مثبت تنقید سے نہ ملائیں، بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سِمت جا رہے ہیں۔ آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے۔
Comments are closed.