آرمی چیف کی کورکمانڈرکراچی کو کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے معاملے کی تحقیقات کی ہدایت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی  گرفتاری سے متعلق سامنے آنے والے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو معاملے کی فوری تحقیقات کرنے اور حقائق تک پہنچ کر جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب بلاول ہاؤس کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے، اس رابطے کے دوران کراچی میں پیش آنے والے واقعہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی واقعے پر شفاف انکوائری پر آرمی چیف کے احکامات کو بھی سراہا اور  آرمی چیف کی جانب سے کراچی واقعے کا نوٹس لینے پر ستائش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کی بے حرمتی کے الزامات پر درج مقدمہ میں گرفتار کیا گیا جنہیں کچھ گھنٹے بعد مقامی عدالت سے ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔

 تاہم  سندھ میں اس وقت نئی صورتحال نے جنم لیا جب آئی جی سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے چھٹیوں پر جانے کے فیصلے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے واقعے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Comments are closed.