پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جنگی تیاریاں بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوا۔ جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی، کنٹرول لائن پر آپریشنل ڈیپلائمنٹ اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے اہم مفادات کے خلاف کچھ عناصر ہائبریڈ وار فیئر میں ملوث ہیں، جس کے سد باب کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات کیے جائیں، سپہ سالار نے کہا کہ خطہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جنگی تیاریوں کو بڑھانا ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید نے محرم الحرام کے دوران سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا، کور کمانڈرز نے ملک کی اندرونی سیکورٹی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں بھارت کے غیرقانونی قبضے میں لیے گئے جموں و کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا، جب کہ کور کمانڈرز نے افغانستان میں امن و استحکام اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے حالیہ پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔
Comments are closed.