اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا کی چوتھی لہر میں کمی کے بعدتیس ستمبر تک پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا۔ تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائیں گے ، لاہور ، فیصل آباد، ملتان ، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں کورونا پابندیاں 22 ستمبر تک بدستور نافذ رہیں گی ۔
وفاقی وزیراسدعمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعدکورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیاگیا۔ملک بھر میں تعلیمی ادارے16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ تاجر ہفتے میں 6 دن کاروبار کر سکیں گے اور صرف ایک چھٹی ہوگی۔
این سی او سی نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ رات 12 بجے تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ویکسینیٹڈ 200 افراد کیساتھ ان ڈور جبکہ 400 افراد کیساتھ شادی سمیت آوٹ ڈور تقریبات بھی ہوسکیں گی ۔ دفاتر میں مکمل حاضری اور نارمل اوقات کار نافذ کردئیے گئے ہیں۔ویکسینیٹڈ افراد کے لیے 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جم کھلے رہیں گے لیکن سنیما گھر بند رہیں گے ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلیں گی جب کہ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے سفری پالیسی برقرار رہے گی۔
این سی او سی کا کہناہےکہ کورونا کی زیادہ شرح والے چھ اضلاع ، لاہور ، فیصل آباد، ملتان ، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں کورونا پابندیاں 22 ستمبر تک برقرار رہیں گی ۔ان اضلاع میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ 21 ستمبر کو لیا جائے گا ۔
Comments are closed.