کورونا صورتحال بدستور خراب، حکومت کا مزید پابندیوں، بڑے شہر بند کرنے کا عندیہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کورونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات یہی رہے تو بڑے شہر بند کرنا پڑیں گے،جمعہ کے روز مزید پابندیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ رواں ہفتے ملک میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں، ابھی بڑے شہروں کو بند نہیں کر رہے، چند دن کی گنجائش ہے، اگر ہم نے وباءکا توڑ نہ کیا تو ہمیں پابندیاں بڑھانا پڑیں گی، وفاق صوبوں کی مدد کیلئے کھڑا ہے۔

اسد عمر نے کورونا صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایس او پیز پرعمل نہیں کر رہی، کئی شہروں میں وینٹی لیٹرز 80 فیصد زیر استعمال ہیں، آکسیجن کی کل پیداوار کا 90 فیصد استعمال ہو رہا ہے، ہسپتالوں میں بے حد دباو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاملات صرف پاکستان میں نہیں پورے خطے میں خطرناک ہیں ، ایران میں دو ماہ قبل روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد سات ہزار 900 تھی جو گزشتہ روز 25 ہزار سے زائد رپورٹ ہوئے ، اموات کی تعداد بھی 68 سے بڑھ کر 300 سے زائد تک پہنچ چکی ہیں ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں دو ماہ قبل روزانہ کی بنیاد پر قریب 14 ہزار کیسز رپورٹ ہوتے تھے جب کہ یہ تعداد گزشتہ روز پونے تین لاکھ تک پہنچ گئی، بھارت میں روزانہ اوسطا اموات بھی 90سے بڑھ کر 1 ہزار 761  ہو گئی ہیں۔

Comments are closed.