پاکستان پہلےبھی کشمیر کے ساتھ کھڑا رہا،آئندہ بھی کھڑا رہےگا، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے بھی کشمیر کے ساتھ کھڑا رہا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا، بھارت اپنے مذموم مقاصد میں پہلے بھی ناکام ہوا اور آئندہ بھی ہوگا،عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن سب کے سامنے آ چکی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان سٹیک ہولڈر ہے اور واضح موقف رکھتا ہے، اس لحاظ سے پاکستان کا نقطہ نظر بڑی اہمیت رکھتا ہے لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں اور کیا مودی کی اے پی سی کشمیریوں کو قابل قبول ہوگی؟

انہوں نے کہا کہ اگر ہم بھارت کی جانب سے کئے جانے والے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدام سے پہلے کی صورتحال میں بھی دیکھیں تو اس سے پہلے بھی آزادی کی ایک تحریک مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے چل رہی ہے، ہر چند سال کے بعد کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑتی ہے، نئے شہیدوں کے نام سامنے آتے ہیں اور شہیدوں کے کفن پر پاکستان کا جھنڈا لپیٹا جاتا ہے اور نعرہ تکبیر، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کے ساتھ شہیدوں کو دفنایا جاتا ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدام کے ذریعے بھارت ہمیشہ کے لئے کشمیر کے سوال کو ختم کرنا چاہتا تھا لیکن جب تک کشمیر کے عوام کو یہ قابل قبول نہیں ہوگا اس وقت تک بھارت ایسا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو نظر آ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا تسلط قبول نہیں کیا جا رہا، بھارت سمجھتا تھا کہ اس کی معیشت بہت بڑی ہو گئی ہے اور وہ ایک بڑی عالمی طاقت بن گیا ہے، اس لئے وہ جو بھی کرے گا دنیا اس کے لئے خاموش رہے گی لیکن جو شدت پسندی اور جارحیت بھارت کشمیر میں کر رہا ہے، اس کے علاوہ اپنے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ بھارت کا جو سلوک رہا ہے، اس پر پوری دنیا کی جانب سے بھارت پر تنقید کی جو فضا بننا شروع ہوئی ہے وہ ہم نے دہائیوں تک نہیں دیکھی تھی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک خاص ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو عالمی دنیا تک پہنچائے اور ہم یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح عالمی دنیا کے سامنے کشمیر کا کیس لڑا اور بھارتی حکمرانوں کو بے نقاب کیا، اس سے زیادہ موثر طریقے سے گزشتہ چند دہائیوں میں کبھی مسئلہ کشمیر کے لئے آواز نہیں اٹھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن سب کے سامنے آ چکی ہے، بھارت اپنی پوزیشن دنیا کے سامنے واضح کرنے کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، بھارت جس طرح دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے وہ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگا۔

Comments are closed.