آئی ایم ایف کے مالی پیکج کا ابھی تعین نہیں ہوا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی رقم ابھی طے نہیں ہوئی، آئی ایم ایف کا مشن چیف 26 مارچ کو پاکستان پہنچ رہا ہے۔ جبکہ ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کا وفد 25 مارچ کو پاکستان پہنچے گا۔

اسلام آباد میں سفارتکاروں کیلئے منعقدہ کورس کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد عمرنے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ پلوامہ حملے کا تعلق بھارت کی اندرونی سیاست سے ہے اور پاکستان  بھارت کےساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتا ہے۔  بھارت کے ساتھ  دوستی کا پیچھے  نہیں کریں گے۔ اگر دوستی قبول نہ کی گئی تو یہ ہاتھ مکا بھی بن سکتا ہے۔ ایران اور افغانستان کو علاقائی ترقی کے پروگرام میں شامل کرنے کے حق میں ہیں۔ علاقائی ترقی کے لیے بھارت کے ساتھ امن ضروری ہے۔ ایران اور افغانستان میں بھی امن ضروری ہے۔

 قبل ازیں تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ نےکہاکہ پاکستان کو دنیا سے جوڑنا چاہتے  ہیں، پاکستان دنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے،چین کے ساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات قائم کیے گئے ہیں، ترکی کے ساتھ ٹریڈ فریم ورک طے کیاگیا ہے، ایران کے ساتھ بد قسمتی سی تجارت نہیں بڑھ رہی جبکہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

اسدعمرنےکہا کہ پاکستان تمام ممالک کیساتھ امن چاہتا ہے،حالیہ بھارت کے حملے میں پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے،  وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت اگر ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھے گا،  پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، ہم افغانستان کیساتھ میں امن چاہتے ہیں۔

Comments are closed.