لڑنا ہے تو پاکستان آئیں۔۔۔ آصف زرداری کانوازشریف سے بڑامطالبہ

 اسلام آباد:شریک چیئر مین پیپلزپارٹی آصف زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں کیوں کہ اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا۔

پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے اور سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، اگر لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا پڑے گا لہذا میاں صاحب آپ پاکستان تشریف لائیں۔ اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد ، آپ کو وطن واپس آنا ہوگا، میں جنگ کے لئے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے لیکن میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد ذاتی عناد کے بجائے جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ہونا چاہیے۔میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے، آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جب کہ میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

شریک چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں نے پارلیمان کو اختیارات دئیے ، میں نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی منظور کیا جس کی مجھے اور میری پارٹی کو سزا دی گئی، ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں لیکن اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں، ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا۔

Comments are closed.