عاصم باجوہ کا استعفیٰ مسترد ۔۔۔ ثبوتوں سے مطمئن ہوں، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے آج وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفی پیش کیا جو وزیراعظم نے قبول نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جو ثبوت اور وضاحت پیش کی گئی ہے وہ اس سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم نے انہیں بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی و معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ اور ان کے اہلخانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزامات سامنے آئے تھے، گزشتہ روز انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کی تھیں۔

عاصم سلیم باجوہ نے معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے طور پر خدمات جاری رکھیں گے کیونکہ اس منصوبے سے پاکستان اور آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل جڑا ہے۔

Comments are closed.