آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کو شکست،پاکستان کا سیمی فائنل پہنچنا مزید مشکل

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی۔دھرم شالہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 389 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رنز بناسکا۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز ڈیون کانوائے اور ول ینگ نے کیا۔ ڈیون کانوائے 28 اور ول ینگ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر رچن رویندرا اور ڈیرل مچل کے مابین 96 رنز کی پارٹنر شپ لگی لیکن ڈیرل مچل 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ٹام لیتھم 21 اور گلین فلپس 12 رنز ہی بناسکے۔ 41 ویں اوور میں 293 کے مجموعی اسکور پر رچن رویندرا 89 گیندوں پر 116 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ مچل سینٹنر 17، میٹ ہینری 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جیمز نیشم نے 39 گیندوں پر 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم میچ کے اختتامی اور سنسنی خیز لمحات میں آخری اوور کی پانچویں گیند پر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 3، ہیزل ووڈ اور کیومنز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلوی ٹیم 49.2 اوورز میں 388 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے 175 رنز کا جارحانہ اوپننگ آغاز فراہم کیا تاہم وارنر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 7 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگزکھیلی۔آسٹریلیا کی جیت کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئی ہیں کیونکہ اب آسٹریلیا کے اگلے تین میچز نسبتاً کمزور ٹیموں کے ساتھ ہیں جن میں بنگلادیش، افغانستان اور انگلینڈ شامل ہیں۔

میچ کے بعد آسٹریلیا اور اور نیوزی لینڈ دونوں کے پوائنٹس آٹھ، آٹھ ہوگئے۔ رن ریٹ بہتر ہونے کے باعث نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے۔آسٹریلیا اور نیوز لینڈ چھ، چھ میچز کھیل چکے ہیں جس میں سے دونوں ٹیموں کو دو، دو میچز میں شکست اور چار میں کامیابی ملی ہے۔پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہے اور قومی ٹیم چھ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے صرف دو میں کامیابی اور چار میں شکست ملی ہے۔

Comments are closed.