اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدرکی اپیل یکم ستمبر کو سماعت کے لیے مقررکردی گئی۔ العزیزیہ سٹیل ملزریفرنس میں نوازشریف اورنیب کی دو اپیلوں پر بھی سماعت اسی روز ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کازلسٹ کے مطابق عدالت عالیہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر یکم ستمبر کو سماعت کرے گی۔اس مقدمے میں سزا معطلی کے بعد نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پرہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل پرسماعت کےلیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی بنچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی خصوصی بینچ کا حصہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید وجرمانہ کی سزا سنائی تھی،نوازشریف کو10 سال، مریم نواز7 اورکیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
نوازشریف کی العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں 7 سال سزا کے خلاف جبکہ نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم کی سزا بڑھا کر14 سال کرنے اور بریت کیخلاف اپیلیں بھی یکم ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہیں۔ جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ ان اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسزکے فیصلے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سنائے تھے، تاہم بعد ازاں ارشد ملک کا ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے بعد انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔
Comments are closed.