ماڈل ایان علی مشکلات میں اضافہ۔۔۔کسٹم عدالت سے اشتہاری قرار

راولپنڈی: کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی کو اشتہاری قرار دےدیا، ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے اور گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے 16 مارچ کو پیش ہونے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے۔

کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، ملزمہ ایان علی کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ملزمہ کو دو ماہ کا وقت دے چکے مگر وہ پھر بھی نہیں آئیں، بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟

عدالت کا کہنا تھا کہ ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے،مسلسل طلبی کے باوجود ملزمہ پیش نہیں ہوئیں۔ ایان علی نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے، سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ ایک مجسٹریٹ تعینات کریں جو ملزمہ کے فلیٹ کو فروخت ہونے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔

کسٹم کورٹ نے ملزمہ ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر کے ماڈل گرل کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔مقدمے کی مزید سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے تمام گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

Comments are closed.