گلگت بلتستان کے بعد آزادکشمیر کے الیکشن میں بھی تحریک انصاف نے فتح حاصل کرلی ہے۔ تمام 45 حلقوں کےغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 25نشستوں پر کامیاب ہو کر میدان مارلیا جبکہ پیپلز پارٹی کے 11 اور ن لیگ کے6 ا میدوار کامیاب ہوئے۔
مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے بھی ایک ایک نشست حاصل کرلی۔ البتہ جماعت اسلامی،جے یو آئی جموں وکشمیر ،کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو کوئی نشست نہیں ملی اور کوئی آزاد امیدوار بھی نہ جیت سکا ۔ حلقہ ایل اے 2 سےپاکستان پیپلز پارٹی کے چودھری قاسم مجید کامیاب قرار پائے ۔ الیکشن میں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر، سپیکر شاہ غلام قادر کے علاوہ بیرسٹر سلطان محمود جیت گئے۔مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم ،سردار یعقوب ،تنویر الیاس بھی جیت گئے۔
پی پی کے چودھری یاسین کو دو سیٹوں پر جیت ملی ، ن لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی بھی ہار گئے۔مہاجرین کی سیٹوں پر غلام محی الدین ،چودھری ریاض ، مقبول گجر، اکمل سرگالہ ، اکبر چودھری، عامر عبدالغفار، عاصم شریف، جاوید بٹ، احمد رضا قادری،عبدالماجد نے فتح سمیٹی۔ الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے اس سے پہلے آزاد کشمیر میں فاروق حیدر کی سربراہی میں ن لیگ کی حکومت قائم تھی۔
اتوار کے روز آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے گئے۔ قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کی خدمات بھی حاصل کیں۔
انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد تھی۔ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ۔آخری اطلاعات تک 45 حلقوں میں سے 44 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے۔
Comments are closed.