کراچی : عبدالستار ایدھی کی بیوہ بلقیس ایدھی کی نمازجنازہ نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں نمازظہرکے بعد ادا کردی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد انہیں میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ بلقیس ایدھی چند روز سے نجی اسپتال میں عارضہ قلب کی وجہ سے زیرِعلاج تھیں جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، وزیراطلاعات ومحنت سندھ سعیدغنی، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی سمیت وزرا اور اراکین اسمبلی اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنےو الی شخصیات نے شرکت کی۔عسکری قیادت کی جانب سے مرحومہ کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ سندھ پولیس کے دستے نے بلقیس ایدھی کی میت کو سلامی دی اور ان کی تدفین سرکاری سطح پرمکمل کی گئی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ کراچی میں ان کے ہمراہ خاتون اول تہمینہ درانی بھی ساتھ تھیں اور انہوں نے نجی ہسپتال میں بلقیس ایدھی سے ملاقات بھی کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ بلقیس اپنے مرحوم شوہر ایدھی صاحب کے لیے روئیں اور میری آنکھوں میں بلقیس کے لیے آنسو آئے، ان کی طبعیت بہت خراب ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری اورچئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت سیاسی و عسکری قیادت نے سماجی رہنما بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے مرحوم شوہر عبدالستار ایدھی کے ساتھ شانہ بشانہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دکھی انسانیت کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments are closed.