کراچی :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ملیر کےعوام نے پورے پاکستان کو بتا دیا کہ کٹھ پتلیوں کی حیثیت کیا ہے۔ 2018 کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی، جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے ہیں حکومت کو عبرت ناک شکست ہوئی ہے،ملیر کےعوام نے بنی گالا کے حکمران کی نیندیں حرام کردیں، اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کےامیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔
ملیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت ہر ادارے کو متنازع بنارہی ہے، جمہوریت کسی فرعون کے حکم پرنہیں آئین کے مطابق چلتی ہے، حکومت جمہوری مقابلہ کرے، ہم سینیٹ الیکشن کے لئے تیار ہیں حکومت اپنی تیاری پکڑے، حکومت سینیٹ الیکشن دھاندلی سے کرانا چاہتی ہے، لیکن ہم کسی کو سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے، کسی کو ہمت نہیں ہونی چاہیے کہ سینیٹ میں چور دروازوں سے کسی کو لائے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے ممبران پیپلزپارٹی کے پاس آرہے ہیں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی جانتے ہیں کہ یہ حکومت جارہی ہے، ان کے ممبران پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے، کسی کو ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہنا تھاکہ مارچ میں مارچ ہو گا اور اسلام آباد پہنچ کرعوام کا حق چھین کر رہیں گے۔
Comments are closed.