15 نومبر کو انتخابات نہیں،گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کا ریفرنڈم ہو گا، بلاول بھٹو زرداری

غذر:  چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ان کے نانا شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر اور راج گیری نظام کا خاتمہ کیا،ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کو متعارف کرایا اور سیاسی پارٹیوں کو کام کرنے کی اجازت دی، ان کے والد صدرآصف علی زرداری نے جی بی کے عوام کو شناخت دی، اسمبلی دی، گورنر اور وزیراعلیٰ دیا۔ اب پاکستان پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا اپنا صوبہ اور پاکستان کا وزیراعظم منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔

گلگت بلتستان کی انتخابات کی مہم دوران غذر کی تحصیل یاسین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ صرف انتخابات ہی نہیں بلکہ جی بی کے عوام کے حقوق کا ریفرنڈم ہے۔ 15نومبر کو پیپلزپارٹی جیتے گی اور عوام کے حقوق انہیں دئیے جائیں گے۔پیپلزپارٹی نے جی بی کے عوام کو اشیائے خوردونوش، کپڑوں اور پٹرول پر سبسڈی دی۔ عمران خان چاہتا ہے کہ وہ یہاں کے عوام سے یہ سبسڈی چھین لے، عمران خان پیپلزپارٹی کے جلسوں میں ہزاروں افراد کو دیکھ بوکھلا چکے ہیں ، انہیں علم ہونا چاہیے کہ جی بی کے عوام غیرتمند اور وفادار ہیں اور شہیدوں کی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان کے دو سال کے دور اقتدار  میں کرپشن میں بے پناہ اضافہ چکا ہے ۔عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ کرپشن کو 90روز میں ختم کر د وں گا، کٹھ پتلی وزیراعظم اب کہتا ہے کہ کرپشن بٹن دبا کر ختم نہیں کر سکتا۔ بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنی خدمت کرنے کا موقع دیا ، ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی کو خدمت کا موقع دیں، ان کی جماعت عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

Comments are closed.