نادان دوست کوجواب دینا ہم بھی جانتے ہیں مگرخاموش ہوں،بلاول بھٹو

 خیرپور:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میں وہ صلاحیت ہی نہیں ہے کہ وہ معیشت چلائیں۔ ہم کسی لڑائی میں نہیں پڑنا چاہتے، اپوزیشن کی کچھ جماعتیں یہ تاثردے رہی ہیں کہ پیپلزپارٹی نے ڈیل کی ہے، پیپلزپارٹی کبھی ڈیل کی سیاست نہیں کرتی، چھوٹے ایشوزکے بجائے حکومت مخالف تحریک پرتوجہ دینی چاہیے، پارلیمانی سیاست کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرسے رابطہ رکھنا پڑے گا۔ بطورپی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی ذمہ داری ہےتمام جماعتوں کومتحد رکھیں۔

خیرپورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاکہ اگراپوزیشن جماعتیں متحد ہوکرعمران نیازی کے خلاف مقابلہ کرینگی تووفاقی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرے گی، نادان دوست کوجواب دینا ہم بھی جانتے ہیں مگرمیں خاموش ہوں۔ سمجھتا نہیں ہوں کہ کسی کو منانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب اوروفاق میں حکومت کی اپوزیشن پیپلزپارٹی کررہی ہے، اپوزیشن کی باقی جماعتیں اپوزیشن کی اپوزیشن کررہی ہیں، اختلافات ایک طرف رکھ کرحکومت کیخلاف متحد ہونا چاہیے، عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش نہ کی گئی تو سب کا نقصان ہوگا۔

کون سی حکومتی ٹیم تھی جس نے 100 روزمیں مسائل حل کرنا تھے؟

بلاول بھٹونے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ناکامی کا سامنا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی رکی ہوئی ہے، پاکستان مہنگائی کی شرح میں دیگرممالک سے آگے ہے، غربت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن حکومت کے پاس اس کا کوئی حل نہیں۔پی ٹی آئی ایم ایف کی ڈیل سے پاکستان نے معاشی خودمختاری کھودی ہے، اسٹیٹ بینک سے متعلق آرڈیننس کی ہرفورم پرمخالفت کریں گے، پاکستان کی شرح نمو آج افغانستان سے بھی پیچھے ہے، کون سی حکومتی ٹیم تھی جس نے 100 روزمیں مسائل حل کرنا تھے۔

بلاول بھٹونے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی پہلے روزسے مخالفت کی، ہم سمجھتے ہیں کہ پورے پاکستان کے لیے ایک پالیسی ہونی چاہیے، کیا پاکستان میں کبھی کوئی اتنا کنفیوژوزیراعظم رہا ہے، وزیراعظم میں وہ صلاحیت ہی نہیں ہے کہ وہ معیشت چلائیں، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل سےغریب عوام کوتکلیف پہنچے گی، موجودہ دورمیں ریلیف صرف امیروں کیلئے ہے۔

Comments are closed.