ادارے نیوٹرل رہیں گے تو کٹھ پتلی وزیراعظم گھر چلا جائے گا،بلاول بھٹو

 کراچی :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تمام ادارے نیوٹرل رہیں گے تو کٹھ پتلی وزیراعظم گھر چلا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کا جنازہ نکالاگیا، معیشت کو تباہ کردیا گیا ،پاکستان کے معاشی حقوق پر ڈاکے ڈالے گئے ہیں،مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا، عوام کا سلیکٹڈ وزیراعظم سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا عوامی مارچ غیر جمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے، عدم اعتماد لا کر چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف اتنخابات کرائے جائیں، عمران خان کو ہٹانے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا شفاف انتخابات اس کی ذمہ داری ہوگی۔ اگر آئین اور قانون کے مطابق تمام ادارے نیوٹرل رہیں گے تو کٹھ پتلی وزیراعظم گھر چلا جائے گا۔ سیلکٹڈ حکومت احتجاج روکنے کیلئے ہر ہتکھنڈے استعمال کرے گی، اپنا لانگ مارچ کا روٹ تبدیل نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نالائق حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران تبدیلی کے نام پر تباہی مچائی ہے، اور حکومت کی نالائقی کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہے ہیں، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ سے محروم رکھا جارہا ہے، چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کو ان کا حق دیا جائے۔

Comments are closed.